سهرا (آیاز محمد )
اخترؔ آصفی پشاوری
رُخِ آیاز کا آئینہ دار ہے سہرا
بہار حسن سے کیا پر بہار ہے سہرا
بنی ہے بزم طرب آئینہ مسرت کا
جبین شوق کا گویا سنگھار ہے سہرا
کلی کلی کھلی جاتی ہے صورت آغوش
بنا ہوا نگہہ انتظار ہے سہرا
نقوش رخ پہ نظر آتے ہیں تمنا کے
یہ واقعہ ہے حقیقت نگار ہے سہرا
نگاہِ ناز ہے محو نیازِ نظارہ
حریم شوق میں یوں جلوہ بار ہے سہرا
چمن کا کس کے ہے نوشتہ کو شوق گُلچنی
کہ ہم کنار عروس بہار ہے سہرا
کنار حسن میں پاتا ہے ناز نشو نما
نیاز شوق کا پروردگار ہے سہرا
یہ یک دلی کا نظارہ ہے بسکہ معنی خیز
نہ سمجھو کلیوں کی محض اک قطار ہے سہرا
یہ گوندھ دیتا ہے دو دل کو ایک رشتہ میں
یہ فن ہے اسمیں بڑا پختہ کار ہے سہرا
اسی عروج پہ بے انفرادیت گل کی
اگرچہ تاج عروس بہار ہے سہرا
خوشی ایاز محمد کی ہے خوشی اخترؔ
کہ آج اس کی خوشی پر نثار ہے سہرا
بمقام و تاریخ:چاٹگام•۲۸ دسمبر ۱۹۵۱