راز محبت
Akhtar Asifi Peshawari
رہ گیا راز محبت کا نمایاں ہو کر
دیدہ تر نے ڈبویا مجھے گریاں ہو کر
عاشقوں کا یہی انجام ہوا کرتا ہے
کیوں اُٹھے تم میری بالیں سے پشیماں ہو کر
باغباں تجھ سے چمن میں کوئی دل شاد نہیں
دیکھ کچھ کہتی ہیں کلیاں بھی پریشاں ہو کر
آنکھیں گلگوں ہیں جبیں گلاب اور چہرہ گلنار
آج گھر سے کوئی نکلا ہے گلستاں ہو کر
یوں ہی تم شور تبسم سے نمک چھڑکے جاؤ
زخم کھل جائیں گے خود ان کے نمکداں ہو کر
یہ بھی قائل ہے ترے حسن کی یکتائی کا
آئینہ دیکھ رہا ہے تجھے حیراں ہو کر
اپنی ہی آگ میں ہم پھک گئے اے ضعیف کیا
رہ گیا دل ہی میں عبس نالہ شرر افشاں ہوں کر
کیسی یہ شان تجلی ہے میں تم پر صدقے
دل میں ہو جلوہ فگن آنکھوں سے پنہاں ہو کر
وہ یہ کہتے ہیں نہیں اگلا سا جوش اخترؔ میں
اور مشکل ہوئی مشکل مری اساں ہو کر