غزل 56
Akhtar Asifi Peshawari
دِل مبتلائے گیسوئے جانانہ ہو گیا
کمبخت ہوشیار سے دیوانہ ہو گیا
ساقی کی چشمِ مست سے یارانہ ہو گیا
دل بے نیاز بادہ و پیمانہ ہو گیا
دل اِک پری کے عشق میں دیوانہ ہو گیا
آئینہ خیال پری خانہ ہو گیا
پڑنے لگی ہے مجھ پر نظر انتخاب کی
مقبول یارِ طرز فدایانہ ہو گیا
مہماں ہے میرا ساقی عیش و نشاط آج
میخانہ طرب میرا کاشانہ ہو گیا
ہنگام گریہ ورد جو تھا ترے نام کا
اشکوں کا تار صحہ صد دانہ ہو گیا
بنتِ عنب کے غمزوں سے جو آشنا ہوا
بیگانہ خرد ہوا دیوانہ ہو گیا
وہ دِل تھا جس کا سوزِ دروں پر مدارِ زیست
شمع جمال یار کا پروانہ ہو گیا
Recited:مشاعرہ بزم آصفیہ بر مکان حضرت استاذی عبدالرحمن صاحب آصف پرنس روڈ (October 24, 1927)
Notes:مصرعہ طرح: افسوس ترے جمال کا افسانہ ہو گیا